اسلام آباد:
بھارت نے نئی میں ہونے والی انٹرنیشنل ایئرٹریفک کنٹرولرز کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کے نمائندوں کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کردیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارت نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کے ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو دہلی میں انٹرنیشنل ایئر ٹریفک کنٹرولرز کانفرنس میں شرکت کے لیے ویزہ دینے سے انکار کردیا ہے۔
انٹرنیشنل ایئر ٹریفک کنٹرولرز ایشیا پسیفک کانفرنس 9 سے 11 نومبر تک بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہورہی ہے، جس میں شرکت کے لیے پاکستان کی جانب سے تین رکنی ایئر ٹریفک کنٹرولرز وفد تشکیل دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ہماری ٹیم پاکستان نہیں جائیگی، بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو آگاہ کردیا، میڈیا رپورٹ
حکام نے بتایا کہ پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولرز کے وفد نے نئی دہلی جانے کے لیے چند ہفتے قبل ویزہ کے لیے درخواست دی تھی لیکن بھارت نے کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو ویزہ جاری نہیں کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ویزہ نہ ملنے کے باعث پاکستان کا ایئر ٹریفک کنٹرولرز گلڈ بھارت کانفرنس میں شرکت کے لیے روانہ نہیں ہوسکا۔