راولپنڈی:
شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں 9 نومبر کو سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 6 خوارج کو ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا اور آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، یہ خوارج سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
علاقے میں کسی بھی باقی خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ 6 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم کو بہادر سیکیورٹی فورسز پر ناز ہے، دہشت گردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے۔ قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔