کراچی:
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ پہلی بار شہریوں کیلئے ڈبل ڈیکر بس بھی متعارف کروانے جارہی ہے۔
ورلڈ پبلک ٹرانسپورٹ ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہریوں کیلئے مستحکم، ماحول دوست اور جامع پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی فراہمی حکومت سندھ کا عزم ہے۔ حکومت سندھ کو پیپلز بس سروس سمیت پبلک ٹرانسپورٹ کے اپنے تمام منصوبوں پر فخر ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کے منصوبوں سے روزانہ ہزاروں شہری سستی، آرام دہ اور آسان سفری سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں، ماحول دوست اور آلودگی کم کرنے میں معاون ای وی بس سروس حکومت سندھ کا انقلابی قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے محفوظ اور آرام دہ پنک بس سروس پوری دنیا میں پہلی بار حکومت سندھ نے متعارف کروائی، اورنج لائن اور ریڈ لائن بی آر ٹی پر کام جاری ہے، اس کی تکمیل شہر کو مزید مربوط کر دے گی۔ روشن مستقبل کیلئے عوام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کا تعاون ضروری ہے۔