اسلام آ باد/
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ ریاض میں منعقد ہونے والی اسلامی عرب سربراہی کانفرنس میں شرکت کیلیے سعودی عرب پہنچ گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف عرب اسلامک کانفرنس میں شرکت کے لئے سعودی عرب کے شہر ریاض پہنچے جہاں رائل ایئرپورٹ پر ریاض کے ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبد الرحمان بن عبدالعزیز ، سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں-
سعودی عرب کے شہر ریاض میں 11 نومبر بروز منگل اسلامی عرب سربراہی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عرب اور مسلم ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔
اس کانفرنس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، خاص طور پر فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت اور خطے میں امن و استحکام کے امور پر گفتگو کی جائے گی۔
کانفرنس کے دوران رہنما اسرائیل کے فلسطینی عوام پر جاری مظالم، جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ عالمی برادری سے اسرائیل کو جوابدہ بنانے اور فلسطینیوں کے حقوق کی حفاظت پر زور دیا جائے گا، فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پاکستانی موقف کو اجاگر کریں گے۔
اس کانفرنس سے مسلم دنیا کی جانب سے فلسطین کی آزادی و خود مختاری کے لیے حمایت کا مضبوط پیغام دیا جانے کی امید ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت اور خطاب کریں گے جبکہ سمٹ کی سائیڈ لائینز پر وزیر اعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔