کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات میں 2 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دو نوجوان اور تین خواتین زخمی ہوگئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن نمبر پانچ پی ایس او پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں دس سالہ بچہ محمد معاذ جاں بحق ہوا۔ عید گاہ تھانے کے علاقے نشتر روڈ بیرنگ گلی گلزر انبیا مسجد کے قریب موٹرسائیکل تصادم میں تین نوجوان شدید زخمی ہوئے جہاں علاج کے دوران ایک زخمی دم توڑ گیا۔
متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم عمر 17 سال کے قریب بتائی گئی ہے جبکہ دیگر زخمیوں میں 18 سالہ عبد الرحیم اور بائیس سالہ مومن شامل ہیں۔ دونوں زخمیوں کی حالت کو ڈاکٹرز نے تشویشناک قرار دیا ہے اور وہ ہوش میں بھی نہیں ہیں۔
قبل ازیں سعید آباد تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن مواچھ گوٹھ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے راہ گیر شخص کو روندھ ڈالا اور پھر تیز رفتار ڈمپر مسافر مزدا سے ٹکرا گیا جبکہ مسافر مزدا رکشے سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور اور 2 مسافر خواتین زخمی ہو گئیں۔
حادثے میں جاں بحق شخص اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عبد الجبار ولد یعقوب کے نام سے کی گئی، زخمیوں میں 44 سالہ رکشہ ڈرائیور غلام اور دو مسافر خواتین 40 سالہ نغمہ اور 35 سالہ نجمہ شامل ہیں۔
ایس ایچ او سعید آباد قمر جاوید کیانی کے مطابق حادثے کے فوری بعد پولیس نے ذمہ دار ڈمپر ڈرائیورغنی کو گرفتار کرکے ڈمپر تحویل میں لےلیا، حادثےمیں تباہ ہونے والا رکشہ، ڈمپراور مسافر بس کو تھانے منتقل کرکے حادثے سے متعلق مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ کھوکھرا پار تھانے کے علاقے ملیر چیک پوسٹ نمبر تین قبرستان کے قریب ٹریفک حادثے میں 8 سالہ بچہ عمران ولد نذیراحمد جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے پہلے قریبی اور پھر ایدھی ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
متوفی بچہ اپنے والد کے ہمراہ قبرستان سے فاتحہ خوانی کرکے اپنے گھر جارہا تھا کہ بچے کو پیاس لگی اور پانی پینے کے لیے رک گیا، جس کے بعد والد کے ساتھ سڑک عبور کر رہا تھا کہ تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے اسے ٹکر مار دی جس میں بچہ شدید زخمی ہوا اور پھر دوران علاج دم توڑ گیا۔
حادثے کے بعد نامعلوم ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا، پولیس کے مطابق متوفی بچہ ملیر کا رہائشی اور بچے کے والد پرنٹنگ پریس میں ملازمت کرتے ہیں۔
زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی چکراگوٹھ اسٹاپ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لے چھیپا ایمبولینس سے جناح اسپتال منتقل کی گئی، جہاں متوفی کی شناخت 55 سالہ غلام حسین ولد سلطان کے نام سے ہوئی تاہم متوفی کی فوری طور پر رہائش معلوم نہیں ہوسکی۔
علاوہ ازیں سائٹ اے تھانے کے علاقے سائٹ ایریا حبیب چورنگی مشروبات بنانے والی کمپنی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی کی شاخت عدنان ولد حیدر رہائش اورنگی ٹاؤن گلشن بہار سے ہوئی۔
ایس ایچ او سائٹ اے چوہدری جاوید کے مطابق حادثہ تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہوا،حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع پر سے فرارہوگیا تاہم پولیس ڈمپر کی تلاش شروع کردی ہے۔