سندھ میں گھروں سے ضائع ہونے والا پانی دوبارہ قابل استعمال بنانے پر کام شروع

سندھ حکومت اور نجی اشتراک کے باہمی تعاون سے یہ منصوبہ چلایا جائے گا، پہلا اہم اجلاس


اسٹاف رپورٹر November 10, 2024
فوٹو فائل

کراچی:

گھروں سے ضائع ہونے والے پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنا کر صنعتی مقاصد کیلیے استعمال کرنے پر کام شروع ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت اور نجی اشتراک کے باہمی تعاون سے ’ ڈومیسٹک ویسٹ واٹر‘ کو ری سائیکل کرکے قابل استعمال بنا کر صنعتی مقاصد کے لئے  استعمال میں لائے جانے کے منصوبے کے حوالے سے پہلا اجلاس ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ غضنفرعلی قادری کے دفتر میں ہوا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پرپبلک پارٹنرشپ اور واٹر بورڈ کی جانب سے ایک ڈی سیلیٹیشن پلانٹ لگانے پرغور کیا جا رہا ہے اس حوالے سے سائٹ لمیٹڈ اور صنعت کاروں کو اعتماد میں لینے کے لئے پہلا اجلاس سائٹ لمیٹڈ کے دفتر میں ہوا۔

اس مقصد کے لئے ڈومیسٹک ویسٹ واٹر کوری سائیکل کر کے 38 ایم جی ٹی سے 27 ایم جی ٹی کے 700 ٹی ڈی ایس پر لانے کا پلان مرتب کیا گیا، جسے پبلک پرائیویٹ پارٹرشب کے تحت عملی جامہ پہنایا جائے گا اور یہ عمل کراچی واٹر بورڈ کی زیر نگرانی مکمل کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک ایم او یو تیار کرکےاس پر باہمی اتفاق رائے قائم کرنے کے لیے ہونے والے پہلے اجلاس میں ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ غضنفر قادری، چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن احمد عظیم علوی، صنعت کار نصرت تیلی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس میں ری سائیکل کے بعد صنعتکاروں کو کن نرخ  پر پانی فراہم کیا جائے گا، اس کی بلنگ کے طریقہ کار اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بات کی گئی۔

اجلاس نے معروف صنعت کار نصرت تیلی کی تجویز پر اتفاق کیا گیا کہ ڈیسیلیٹیشن واٹر فوڈ انڈسٹری میں استعمال نہیں کیا جائے گا تاہم اسے دیگر صنعتی مقاصد کے لئے استعمال میں لیا جاسکتا ہے لیکن اس پروجیکٹ کے شروع ہونے پر واٹر بورڈ کی جانب سے صنعتوں کو پہلے سے فراہم کیے جانے والے  پانی کے کوٹے میں ہرگز کٹوتی نہیں ہونی چاہیے۔

اسی سلسلے کا دوسرا اجلاس آئندہ ہفتے منعقد کیا جائے گا جس میں مزید امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں