دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، وزیراعظم

فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، قوم کو سیکیورٹی جوانوں پر فخر ہے، شہباز شریف

فوٹو فائل

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے اور 2 کو زخمی کر کے گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان؛ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں چار خوارج ہلاک

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں پر فخر ہے، فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم اس طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دو علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 2 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا جس کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو خوارج ہلاک ہوئے۔

ایک اور کارروائی میں پاک افغان سرحد سے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کی سیکیورٹی فورسز نے اسپن وام کے علاقے میں نگرانی کی اور اُن کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔

سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، فائرنگ کے نتیجے میں دو خوارج ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

Load Next Story