لاہور کے علاقے شاہدرہ میں پیسوں کے لین دین کے تنازع کے دوران بھائی کی فائرنگ سے معمر خاتون جاں بحق ہوگئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہدرہ میں بہن اور بھائی کے درمیان پیسوں کے لین دین کے تنازع پر جھگڑا ہوا جس پر بھائی نے طیش میں آکر فائرنگ کردی۔
اس دوران فائرنگ کی زد میں آکر معمر خاتون سمیت چار شہری زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، ڈاکٹرز نے معمر خاتون کی ہلاکت کی تصدیق کی جن کی شناخت 68 سالہ شہناز کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مقتولہ شہناز بی بی اور اسکے بھائی شہباز کے درمیان جھگڑے کے باعث پیش آیا، زخمیوں میں عمر فرید، قاسم، شہباز اور کاکا شیخ شامل ہیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر کے واقعے کی تفتیش شروع کی جس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مقتولہ شہناز بی بی نے کچھ عرصہ قبل خاندانی زمین بیچی تھی جس سے حاصل کردہ رقم کے تنازع پر شہباز نے جھگڑا کیا جبکہ دونوں بہن بھائی ایک ہی گھر میں رہائش پذیر تھے۔
پولیس کے مطابق لڑائی کے وقت شہباز اور ساتھیوں جبکہ شہناز بی بی کے بیٹے مسلح تھے، تلخ کلامی کے دوران جب جھگڑا بڑا تو پھر شہباز پارٹی کی جانب سے پہلے فائرنگ کی گئی۔
پھر مقتولہ کے بچوں نے بھی جواب میں گولیاں چلائیں، اندھا دھند فائرنگ کی زد میں شہناز موقع پر جاں بحق جبکہ بھائی شہباز بھانجوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا۔