PORT ELIZABETH:
جنوبی افریقہ نے 4 ٹی20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
جنوبی افریقہ کے شہر پورٹ ایلزبیتھ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ایڈن مرکرم نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
میزبان ٹیم کے بولرز نے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے بھارت کی مضبوط بیٹنگ کو ناکام کردیا اور جیت کی بنیاد رکھی، بھارت کے اوپنر سنجوسیمسن صفر، ابھیشک شرما اور کپتان سریا کمار یادیو4،4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
تلک ورما اور آکشر پٹیل نے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچاتے ہوئے 15 کے اسکور سے 45 رنز تک پہنچایا، جس کے بعد ہارڈک پانڈیا بیٹنگ کے لیے تو آکشر پٹیل 27 کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
ہارڈک پانڈیا نے آؤٹ ہوئے بغیر 45 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز بنا کر بھارت کی ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں 124 کے مجموعے تک پہنچا دیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے 6 بولر آزمائے گئے، جن میں سے 5 نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کے 6 وکٹوں پر 124 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ بھی اتنی اچھی ثابت نہیں ہوئی اور ورون چکراوارتھی کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے لڑکھڑاتی نظر آئی۔
کپتان مرکرم سمیت دیگر ابتدائی بلے باز ناکام ہوئے تاہم ریزا ہینڈرکس نے 24 رنز بنائے تھے، جس کے بعد ٹرسٹن اسٹبز نے 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی سے ہم کنار کردیا۔
جنوبی افریقہ نے 125 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر ایک اوور قبل ہی حاصل کرلیا اور سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
ٹرسٹن اسٹبز کو 47 رنز کی فتح گر اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بھارت کے ورون چکراوارتھی نے اپنے 4 اوور کے کوٹے میں صرف 17 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں لیکن ٹیم کو فتح نہ دلاسکے۔
جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔