اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کارروائی کرتے ہوئے لاہور کی ایک ہاؤسنگ اسکیم سے ایک کلو ہیروئن اور ڈرون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 86 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 17.12 کلو گرام منشیات برآمد کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ راولپنڈی میں ٹینچ باٹا کے قریب ملزم سے 2.500 کلو ہیروئن اور 3.500 کلو آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
سیالکوٹ میں گلوٹیاں موڑ ڈسکہ میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث 9 سے 10 سالہ عمر کے بچے (ملزم) سے 2.400 کلو چرس برآمد ہوئی جبکہ ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر ملزم کے جوتوں سے 420 گرام افیون برآمد ہوئی۔ کراچی میں انڈس چورنگی کورنگی پر ملزم کے قبضے سے 1.200 کلو چرس اور سپر ہائی وے کراچی کے قریب ملزم سے 6 کلو چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔