ہمیں ٹارگٹ تو دیا جاتا ہے فنڈز نہیں،موبائل فون بھی آجکل اپ گریڈ ہوتے ہیں، ڈی جی پاسپورٹس

اتھارٹی بنانے کی کوشش کی وزارت خزانہ نے مخالفت کی، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا کہنا ہے کہ ہمیں ٹارگٹ تو دیا جاتا ہے فنڈز نہیں، آج کل موبائل فون بھی اپ گریڈ ہوتے ہیں۔

داخلہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے 50 ارب روپے کما کر دئیے اور رواں سال اب تک 20 ارب روپے کما چکے ہیں۔ ہمیں بہت کم ملتا ہے۔ ہمارے پاس فنڈز کی شدید قلت ہے۔ ہمیں ٹارگٹ تو دیا جاتا ہے لیکن فنڈز نہیں۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اتھارٹی کی کوشش کی لیکن وزارت خزانہ نے مخالفت کی۔ ریونیو شئیرنگ فارمولے میں ہماری مدد کریں۔ آج کل تو موبائل فون بھی اپ گریڈ ہوتے ہیں۔ ہم نے پورا سال کوشش کی کسی طرح وزارت خزانہ سے پیسے لیں۔ 20 سال پرانی مشینوں کو استعمال کیا جا رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے صلاحیت 22 ہزار کی تھی اور روزانہ 75 ہزار پاسپورٹس بننے آتے تھے۔ اب ہمارے پاس 25 پرنٹرز ہونے سے صلاحیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ فاسٹ ٹریک کیٹگری میں بیک لاگ مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔ ارجنٹ کیٹگری میں ایک لاکھ 70 ہزار کا بیک لاگ ہے۔ آئندہ 2 سے 3 ہفتوں میں بیک لاگ ختم ہوجائے گا۔ ای پاسپورٹس کی 2 نئی مشینیں بھی آ رہی ہیں۔

ڈی جی پاسپورٹس نے 15 دسمبر تک بیک لاگ ختم کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

سیکریٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے وزارت خزانہ کو ریونیو کی یقین دہانی بھی کروائی وہ نہ مانے۔ ہمارے پاس جب جب عدالتی احکامات آئے ہم نے عمل درآمد کیا۔ آپ اس چیز کے گواہ ہیں کہ ہم تمام اراکین سے تعاون کرتے ہیں۔ چئیرمین کمیٹی نے کل وزارت خزانہ کے نمائندے کو بلانے کی ہدایت کردی۔ نبیل گبول نے کہا کہ ڈی جی پاسپورٹ بولیں کہ ان کو ایف آئی اے کام نہیں کرنے دے رہا۔ زرتاج گل وزیر کا کہنا تھا کہ ہم اس کمیٹی کے بعد ڈی جی پاسپورٹ آفس جائیں گے۔

چئیرمین کمیٹی نے کہا کہ آئندہ اجلاس تک ہمارے اراکین کو بلیو اور گرین دونوں پاسپورٹ جاری کیے جائیں۔ آپ ایف آئی اے کا ملبہ اپنے کندھوں پر کیوں لے رہے ہیں ۔حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ میں ضمانت کے بعد کورٹ سے باہر آیا۔ بیٹی نے کہا بیرون ملک جانا ہے۔ اس وقت کے حکمرانوں نے میرا نام ای سی ایل میں ڈال دیا۔ ہم نے صبر شکر کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ میں  ڈی جی پاسپورٹ کے پاس گیا انہوں نے بہت تعاون کیا۔ پاسپورٹس کے اجرا میں ایف آئی اے رکاوٹ ہے۔

Load Next Story