KHANEWAL:
خطرناک سلنڈر رکھنے پر رائیونڈ اجتماع سے کراچی واپس جانے والے 2 شرکا کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت کرکے واپس جانے والے 2 مندوبین سے خطرناک گیس سلنڈر برآمد ہونے اور ٹرین مسافروں کی جان و مال کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے پر انہیں گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کو تبلیغی اجتماع کے اختتام پر ریلوے اسٹیشن خانیوال سے کراچی روانہ ہونا تھا جن کی شناخت فواد علی اور محمد نعمان کے ناموں سے ہوئی جو جعفر ایکسپریس کے ذریعے خانیوال سے کراچی جانا چاہتے تھے۔
ریلویز پولیس اہلکاروں نے مسافروں کو پلیٹ فارم نمبر 1 سے چیکنگ کے دوران گرفتار کیا جن کے قبضے سے دو چولہا نما گیس سے بھرے خطرناک اور ناقص سلنڈر برآمد ہوئے۔
کراچی کے دونوں رہائشی ملزمان کو گرفتار کرکے تھانہ خانیوال میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ دونوں سلنڈر ریلویز پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔