رکن پنجاب اسمبلی ممتاز چانگ کی پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہ ہونے پرمستعفی ہونے  کی دھمکی

ہم ادھر چھولے بیچنے نہیں آئے، عوام کی آواز بننا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی کے ایم پی اے کا اسمبلی میں اظہار خیال


ویب ڈیسک November 11, 2024

لاہور:

 پیپلزپارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی ممتاز چانگ نے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر اسمبلی رکنیت سے  مستعفی ہونے  کی دھمکی  دے دی۔ 

ممتاز چانگ نے کچے کے علاقے میں مبینہ کرپٹ ایس ایچ اوز اور ڈی پی او کے خلاف ثبوت ایوان میں لہرا دیے اور کہا کہ ہم ادھر چھولے بیچنے نہیں آئے، عوام کی آواز بننا چاہتے ہیں، اگر حکومت صادق آباد اڈا نواز آباد میں سرعام اغوا اور لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کرنا چاہتی تو مجھ سے استعفی لے لیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پہلے سیکرٹری کے خلاف بات ہوئی تو اسے گھر بھیج دیا گیا لیکن کچھ لوگ محکمہ پولیس میں کالی بھیڑوں کو بچانا چاہتے ہیں۔ 

ممتاز چانگ نے کہا کہ کچے کے علاقے میں کرپٹ ایس ایچ اوز اور ڈی پی او کے خلاف ثبوت دے رہا ہوں، اللہ کے ناموں کے نیچے بیٹھ کر جھوٹ بولوں تو اللہ مجھے سزا دے، جو لوگ ڈاکوئوں کے ساتھ ہیں میرے علاوہ اینٹی کرپشن اور آئی بی کےپاس بھی رپورٹس ہیں۔ 

رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میرے حلقے سے لوگ اغوا ہوئے اور دو لوگوں کو زخمی  کیا گیا، لوگ خون کے آنسو رو کر آتے ہیں، ادارے دھیان نہیں دیتے اور جھوٹی رپورٹیں پیش کرتے ہیں۔ 

 ممتاز چانگ نے کہا کہ کہتے ہیں کچے میں ایک ہزار پولیس اہلکار ہیں لیکن چیک پوسٹ پر ایک بھی پولیس اہلکار نہیں، کرپشن کا بازار گرم ہے میری بھی بے عزتی ہے، کل کچھ نہ کیا گیا تو ہمیں بھی خمیازہ بھگتنا  پڑے گا۔ 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں