چین میں ایک ہی عمارت میں پانچ خواتین کے ساتھ کامیابی کے ساتھ تعلقات رکھنے والے شخص کو سزا سنا دی گئی۔ چینی شخص نے چار سال سے زائد عرصے تک خواتین کو علم ہوئے بغیر یہ سلسلہ جاری رکھا۔
چین کے شمال مشرقی صوبے جِیلِن سے تعلق رکھنے والے چینی شخص شیاؤجُن (فرضی نام) نے اس سب کے لیے بھرپور جھوٹ کا سہارا لیا۔ غریب گھرانے میں پیدا ہونے، سیکنڈری اسکول سے پڑھائی چھوڑ دینے اور کم اجرت والی نوکریاں کرنے والے اس شخص نے اپنی اہلیہ شیاؤجیا کو شادی کے لیے راضی کرنے کے لیے خود کو ’نسلی امیر‘ ظاہر کیا۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق اپنے دعووں کو ثابت کرنے کے لیے وہ خاتون کو مہنگے تحائف کی نقل آن لائن خرید کر دیتا اور اپنے والدین کے کامیاب کاروباری ہونے کے متعلق کہانیاں گھڑتا۔
اپنے شوہر کی حقیقت جاننے اور حاملہ ہونے کے باوجود شیاؤجیا نے طلاق لینے کے بجائے بچے کی پرورش کا ذمہ اٹھایا اور بالآخر شوہر کو گھر سے نکال دیا۔
ایک ہفتے بعد ہی شیاؤجن ایک آن لائن گیم کے ذریعے ایک اور خاتون شیاؤہونگ سے ملا اور پرانی من گھڑت کہانی سنا کر اس کا دل بھی جیت لیا۔ دونوں کے مستقبل کے گھر کے خواب دکھا کر اس نے شیاؤہونگ کو 1 لاکھ 40 ہزار یوان ادھار دینے پر راضی کر لیا، جس کو اس نے اپنے امارت کے دکھاوے پر خرچ کیا۔
کہانی میں دلچسپ مرحلہ تب آیا جب وہ شیاؤہونگ کو لے کر وہ اس ہی عمارت میں رہنے لگا جس میں اس کی اہلیہ رہتی تھی۔ کچھ عرصے بعد اس ہی کمپلکس میں اس نے تین مزید خواتین کے ساتھ تعلقات قائم کیے جن میں سے دو یونیورسٹی کی طالبات شیاؤ مِن اور شیاؤشِن تھیں جبکہ ایک نرس شیاؤلین تھی۔ اور اس دھوکا دہی میں ان تینوں خواتین سے کُل ملا کر 2 لاکھ 80 ہزار یوان کے قریب اینٹھ لیے۔
شیاؤجُن کا برا وقت تب شروع ہوا جب شیاؤشِن نے فیس کے لیے اپنے پیسے واپس مانگے، تو شیاؤجُن نے ایک پُرتعیش کار کرائے پر لی اور اس کو ایک کالا پلاسٹک کا بیگ دے دیا اور کہا اس میں 1 لاکھ یوان ہیں اور جو کہ اہم کاروباری مقصد کے لیے ہیں اور اس کو تھیلی کھولنے سے منع کیا۔
تاہم، جب اس نے لڑکی کے پیغامات کو مسلسل نظر انداز کرنا شروع کیا تو لڑکی نے تھیلی کھولی جس میں سے جعلی نوٹ برآمد ہوئے، جس کے بعد اس نے پولیس کو اطلاع کیا۔
پولیس کے پہنچنے کے بعد شیاؤجیا اور شیاؤہونگ کو معلوم ہوا کہ ان دونوں کا شوہر ایک ہی ہے۔ بعد ازاں شیاؤجن کو گرفتار کیا گیا اور ساری کہانی کھل کر سامنے آئی۔
عدالت نے شیاؤجن کو فراڈ، دو شادیاں اور چوری کرنے پر نو برس اور چھ ماہ کی قید کی سزا سنائی اور 1 لاکھ 20 ہزار یوان کا جرمانہ عائد کیا۔