فوج کو 2010 سے اختیارات ملے ہوئے ہیں مگر دہشت گردی ختم نہیں ہوئی، فضل الرحمان

انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترمیم جمہوریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، سربراہ جے یو آئی


ویب ڈیسک November 11, 2024
فوٹو فائل

جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترمیم کو جمہوریت کی توہین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کو 2010 سے اختیارات ملے ہوئے ہیں مگر ملک سے دہشت گردی ختم نہیں ہوئی۔

لندن کے شہر ویکفلیڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترمیم 26ویں آئینی ترمیم اور جمہوریت کی توہین ہے، شک کی بنیاد پر کسی کو 90 روز تحویل میں رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم محفوظ پاکستان کیلیے مضبوط فوج کے قائل ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوج کو 2010 سے بے شمار اختیارات حاصل ہیں مگر ملک سے دہشت گردی ختم نہیں ہوسکی۔

فضل الرحمان نے پاکستان کی ترقی کو اسلامی نظام کے نفاذ اور سودی نظام کے خاتمے سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں نظاموں کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، ملک کی بقا اسلامی نظام میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم میں سودی نظام کے خاتمے کو آئین کا حصہ بنادیا گیا ہے جس کے تحت 2028 تک تمام محکمے سود سے پاک ہوجائیں گے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور معیشت کی بہتری کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا، آئین ہم سب کا ہے اس لیے سب کو اس کا احترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسلامی نظام کے نفاذ کیلیے ملک بھر میں تحریک کو جاری رکھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں