رحیم یار خان پولیس نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی، رحیم یار خان پولیس نے کچے میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے اندھڑ گینگ کے سرگرم رکن خطرناک ڈاکو مختار عرف ودھایا شیخ کو ہلاک کردیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کے قبضے سے کلاشنکوف، سیکڑوں کی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں، ہلاک ڈاکو پولیس کو مطلوب ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا برائے تاوان کا مرکزی ملزم نکلا، ہلاک ڈاکو ڈکیتی، پولیس پر حملوں کی متعدد وارداتوں میں مطلوب اندھڑ گینگ کا مرکزی کارندہ تھا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن ڈاکوؤں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر سندھ سے متصل بستی سعید عباسی کے عقب موضع داعوالہ میں کیا گیا، پولیس کو بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کمانڈوز، نائٹ ویژن گاگلز اور بھاری ہتھیاروں کی مدد حاصل تھی، ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی اس دوران مسلح ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس پر پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں خطرناک ڈاکو مختار شیخ ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق ساتھی ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کھیتوں میں فرار ہو گئے جس کے بعد پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کیا، آپریشن میں ڈی ایس پی بھونگ، انچارج سی آئی اے، ایس ایچ او بھونگ سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔
کامیاب آپریشن پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ پولیس کچے سے دہشت گردوں، ڈاکووں، شرپسند عناصر کے مستقل خاتمے کے مشن پر گامزن ہے۔