زرعی آمدنی پر انکم ٹیکس کی چھوٹ ختم، پنجاب اسمبلی میں زرعی ترمیمی بل پیش
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پنجاب زرعی ترمیم بل ایکٹ 2024 پیش کردیا گیا۔ بل میں شامل نئی شق (D) کے تحت زرعی ترمیمی بل میں زرعی کے ساتھ لائیو اسٹاک پر بھی ٹیکس عائد کیا جائے گا، نئی شق 3AB کے تحت زیادہ آمدن والے اشخاص پر سپر ٹیکس لاگو کیا جائے گا، ترمیمی بل کے ذریعے زرعی زمین پر انکم ٹیکس کی چھوٹ ختم کی جائے گی۔
زرعی زمین کے ساتھ لائیو اسٹاک سے کمائے جانے والی آمدن پر بھی ٹیکس لاگو کیا جائے گا، لائیو اسٹاک پر ٹیکس بھی زرعی ٹیکس میں شمار کیا جائے گا، لائیو اسٹاک کا تصور پنجاب لائیو اسٹاک بریڈنگ ایکٹ 2014 کے مطابق ہوگا۔
سیکشن 8 میں ترمیم کے تحت زرعی ٹیکس نادہندہ کو ٹیکس رقم کا 0.1 فیصد ہر اضافی دن کا جرمانہ عائد ہو گا، سیکشن 8 میں ترمیم کے تحت 12 لاکھ سے کم زرعی آمدنی والے زرعی ٹیکس نا دہندہ کو 10 ہزار جرمانہ ہوگا، سیکشن 8 میں ترمیم کے تحت چار کروڑ سے کم زرعی آمدنی والے زرعی ٹیکس نا دہندہ کو 25 ہزار جرمانہ ہو گا، سیکشن 8 میں ترمیم کے تحت چار کروڑ سے زیادہ زرعی آمدنی والے زرعی ٹیکس نا دہندہ کو 50 ہزار جرمانہ ہو گا۔
بل پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کے بعد 2 ماہ کے لیے اسٹینڈنگ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا، اسٹینڈنگ کمیٹی ممبران مسودہ میں مزید تجاویز پیش کریں گے بعد ازاں مسودہ حکومت کو بھجوایا جائے گا حکومت ممبران کی تجاویز منظور و نا منظور کرنے کا حق رکھتی ہے بعد ازاں مسودہ ایوان میں منظور ہونے کے لیے پیش کیا جائے گا۔