راولپنڈی: چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیرنے پی ایل اے ہیڈ کوارٹر بیجنگ کا دورہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیرنے پی ایل اے کے کمانڈرجنرل لی کیاومنگ سے ملاقات کی جس میں عالمی اور علاقائی صورتحال، دوطرفہ فوجی تعاون کو بڑھانے کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف جنرل اسٹاف نے کراچی حملے میں چینی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی بہتر حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی ایل اے کمانڈر نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں شخصیات نے خطے کے امن اور ترقی کے خلاف کام کرنے والے مشترکہ دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ فریقین نے فوجی تعلیم، تربیت، آلات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کی پیش رفت کا جائزہ جبکہ تجربات کے باہمی اشتراک اور باقاعدہ بات چیت کو بڑھانے کے لیے میکانزم کو مزید ادارہ جاتی بنانے پر اتفاق کیا۔