آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے سیاسی کھیل پر سابق قومی کرکٹرز بھی تلملا اٹھے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے حسب توقع کھیل کو اپنی منفی سیاست سے آلودہ کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے، اس متعصبانہ فیصلے پر سابق پاکستانی اسٹار کرکٹرز تلملا اٹھے ہیں۔
لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے خلاف نہیں کھیلیں تب بھی ہماری کرکٹ کو کچھ نہیں ہوگا، بلکہ یہ مزید پھلے پھولے گی، یہ بات ماضی میں بھی ثابت ہوچکی۔ میں دیکھوں گا کہ جب پاکستان اور بھارت کے میچز ہی نہیں ہوں گے تو آئی سی سی کمائی کیسے کرے گی۔
سابق کپتان انضمام الحق نے بھارتی فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بڑے موقع پر کرکٹ کو تباہ کررہے ہیں، بھارتی ٹیم کو پاکستان میں کوئی بھی خطرہ نہیں، حقیقت تو یہ ہے کہ اگر بھارتی ٹیم دورہ کرے تو اس کو بہترین میزبانی سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔
مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کی عدم شرکت، پاکستان کا کسی اور ٹیم کو مدعو کرنے پر غور
سابق وکٹ کیپر بیٹر و کپتان راشد لطیف نے کہا کہ بس بہت ہوگیا، جب ساری ٹیمیں بغیر کسی مسئلے کے پاکستان میں کھیل رہی ہیں تو انھیں کیا مسئلہ ہے، یہ بھارت کا مکمل طور پر ایک سیاسی فیصلہ ہے جو کرکٹ سمیت کسی بھی کھیل میں قابل قبول نہیں ہونا چاہیے۔
سابق کرکٹر باسط علی نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی پاک بھارت میچ کے بغیر چیمپئینز ٹرافی منعقدکرکے دکھائے،انھوں نے کہا کہ ہر ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی پول میں رکھا جاتا ہے، آئی سی سی اور براڈ کاسٹرز دونوں جانتے ہیں کہ اس میچ سے دولت حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو چاہے ہائبرڈ ماڈل اپنائیں مگر پاکستان کو اپنے میچز ملک سے باہر نہیں کھیلنے چاہئیں، بھارت سے کہا جائے کہ وہ پاکستان آکر گرین شرٹس کا مقابلہ کرے یا پھر 2 پوائنٹس پاکستان کو دیے جائیں جیسا کہ 1996 کے ورلڈکپ میں سری لنکا نہ جانے والی ٹیموں کے ساتھ ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی، بھارت کے انکار پر پاکستان کبھی انڈیا سے میچ نہیں کھیلے گا، حکومت کا سخت مؤقف
باسط علی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ پاکستان آئے کیا تب سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں تھا؟۔
دوسری جانب بھارت کے سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے بھارتی بورڈ کی دولت کا بھرم جھاڑتے ہوئے کہا کہ اگر ہندوستانی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرتی تو اسے نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، پاکستان بھی مستقبل میں اس کے خلاف کھیلنے سے انکار کرسکتا ہے لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ آئی سی سی بھارت سے حاصل کی گئی دولت یہاں آنے سے سے کیسے روکے گی؟، پاکستان کو ایسی سہولت دستیاب نہیں اور یہی اصل حقیقت ہے۔
مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی، بھارت کے انکار پر پاکستان کبھی انڈیا سے میچ نہیں کھیلے گا، حکومت کا سخت مؤقف
انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ بھارت کے بغیر کوئی چیمپئینز ٹرافی نہیں ہوسکتی، پاکستان سمیت ہر ٹیم یہ بات اچھی طرح جانتی ہے۔