دھند؛ ٹرین اور فضائی آپریشنز شدید متاثر، پریشان مسافر احتجاج پر مجبور

لاہور سے تاخیر سے آنے والی ٹرینوں کی روانگی بھی متاثر، نجی و قومی ائرلائنز کی پروازیں بھی بروقت اُڑان نہ بھر سکیں


ویب ڈیسک November 12, 2024

 

لاہور/کراچی: دھند اور موسمی خرابی کے سبب ٹرین اور فضائی آپریشنز شدید متاثر ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے پریشان ہونے والے مسافر احتجاج پر مجبور ہو گئے۔
 
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب میں شدید دھند کے باعث کراچی میں بھی ٹرینوں کی آمد رفت میں تاخیر کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ کراچی سے سوا 10 بجے پشاور جانے والی خیبرمیل 7 گھنٹے تاخیر کے بعد صبح 5 بجے روانہ ہوئی۔
 
 
اسی طرح کراچی سے سوا 11 بجے روانہ ہونے والی سکھر ایکسپریس تاحال روانہ نہیں ہوئی۔ ٹرینوں کی تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کے بعد خیبر میل اور سکھر ایکسپریس کے مسافروں نے کینٹ اسٹیشن پر احتجاج بھی کیا۔
 
مسافروں کی دُہائی
مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرینوں سے متعلق معلومات دینے والا کوئی نہیں ہے۔ سکھر ایکسپریس آئے روز تاخیر سے روانہ ہوتی ہے۔ کینٹ اسٹیشن پر مچھروں کی بہتات ہے۔ خواتین بچے اور بوڑھے بے یارومددگار کینٹ اسٹیشن پر بیٹھے ہیں۔ ریلوے انتظامیہ کہہ رہی ہے ٹکٹ واپس نہیں ہوگا،ٹکٹ ضائع کردو۔
 
 
بعد ازاں سکھر ایکسپریس 7 گھنٹے تاخیر کے بعد کراچی سے روانہ کر دی گئی۔
 
شالیمار ایکسپریس کا شیڈول تبدیل
دوسری جانب ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس پاکستان ریلوے لاہور  کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شدید دھند اور سموگ کے باعث لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔
 
قومی و نجی ائرلائنز کی پروازوں میں تاخیر
علاوہ ازیں شدید موسمی خرابی کے سبب آج بھی کراچی سے قومی و نجی ملکی ائرلائنز کی پروازوں کی روانگی میں تاخیر   ہوئی۔ پی آئی اے کی کراچی اور لاہور کی دوطرفہ پروازیں پی کے 302، 303 اُڑان نہ بھرسکیں ۔
 
 
اسی طرح ائربلیو کی کراچی ،لاہور کے درمیان پروازیں پی اے 401 اور 405 کی روانگی کو روک دیا گیا۔ قومی ائرلائن کی کراچی/ اسلام آباد کی پروازیں پی کے301 اور 308 تاخیرکا شکار   ہو گئیں۔ کراچی سے اسلام آباد جانے والی نجی ملکی ائرلائن سیرین کی پرواز ای آر 503 بھی ٹیک آف نہ کرسکی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں