الیکشن کمیشن نے عادل بازئی کی نااہلی ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کرلیا

اگر عادل بازئی نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروایا تھا تو رابطہ کیوں نہیں کیا؟ چیف الیکشن کمشنر


ویب ڈیسک November 12, 2024
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی ایک ہفتے کے التوا کی درخواست مسترد کردی۔

اسلام آباد:

عادل بازئی کی نااہلی کے لیے دائر مسلم لیگ ن کے ریفرنس پر الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

وکیل عادل بازئی نے کہا کہ عادل بازئی کے نام سے کمیشن میں جمع کروایا گیا بیان حلفی جعلی ہے، الیکشن کمیشن بیان حلفی کا فرانزک ٹیسٹ کروا لے جعلی ثابت ہوگا، عادل بازئی نے کبھی ن لیگ میں شمولیت اختیار نہیں کی اور ن لیگ کے ریفرنس میں بھی درج ہے کہ عادل بازئی کبھی حکومتی بینچز پر نہیں بیٹھے، میرے موکل کا شناختی کارڈ نمبر بھی درست نہیں لکھا گیا۔

دلائل میں وکیل عادل بازئی نے کہا کہ بیان حلفی کے لیے اسٹامپ پیپر پر نوٹری پبلک کی تفصیلات بھی درج نہیں، اوتھ کمشنر سعید احمد کا بیان ریکارڈ پر موجود ہے کہ عادل بازئی کبھی میرے سامنے نہیں آئے، 27 ستمبر 2024 تک عادل بازئی قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر آزاد رکن تھے۔

چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ اگر عادل بازئی نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروایا تھا تو انہوں نے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیوں نہیں کیا؟ ممبر سندھ نے استفسار کیا کہ آپ اتنا عرصہ خاموش کیوں رہے؟

وکیل عادل بازئی نے جواب دیا کہ خاموش اس لیے رہے کہ یہ بیان حلفی کبھی منظر عام پر نہیں آیا تھا، اسپیکر قومی اسمبلی نے ریفرنس پر کوئی تحقیقات نہیں کیں اور اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی نہیں دیکھا کہ پہلا ریفرنس پارٹی صدر کے بجائے پارلیمانی لیڈر نے بھیجا تھا، عادل بازئی نے 20 فروری کو سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروایا۔

وکیل ن لیگ نے دلائل میں کہا ہمارا موقف ہے کہ عادل بازئی نے پہلے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں دوسری جماعت میں شامل ہوئے، انہیں 11 ماہ بعد کیوں یاد آیا کہ بیان حلفی جعلی ہے اور عادل بازئی نے اپنے بیان حلفی کو کبھی چیلنج نہیں کیا۔

مسلم لیگ ن کے وکیل نے کہا یہ نہیں کہتے کہ دستخط اور انگوٹھا ہمارا نہیں، آٹھ ماہ بعد یہ بات کر رہے ہیں، ممبر پارلیمنٹ حلف نامہ دے دے تو وہ اس جماعت کا حصہ ہے، انھوں نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونےکا حلف نامہ جمع کرایا۔

ممبر کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں انھوں نے لکھا کہ میرا بیان حلفی جھوٹا ہے۔ وکیل مسلم لیگ ن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا بیان حلفی دیکھ کر فیصلہ ہونا ہے، قومی اسمبلی کے ریکارڈ میں اس کو بھی اس جماعت کا تسلیم کیا جاتا ہے، عادل بازئی نے ہمارا موقف تسلیم کیا ہے، عادل بازئی دوسری جماعت میں گئے، بجٹ میں ووٹ نہیں دیا اور اب آئینی ترمیم پر بھی خلاف ورزی کی۔

وکیل مسلم لیگ ن نے کہا کہ اس کے مطابق انھوں نے پارٹی پالیسی سے انحراف کیا لہٰذا ان کو نااہل کیا جائے، ہمارا ریفرنس قبول کیا جائے، عادل بازئی نے اب اپنی جماعت تبدیل بھی کی ہے۔

الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر نااہلی ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |