چیمپئینز ٹرافی؛ پاکستان کے جوابی اقدامات پر آئی سی سی کو مالی نقصان کا خدشہ

بھارت کے انکار کے بعد پی سی بی اور حکومت نے بھی دو ٹوک موقف اپنالیا ہے، رپورٹس

چیمپیئینز ٹرافی 2025 میں بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد پاکستان کے سخت موقف نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو مالی نقصان کا خدشہ ستانے لگا۔
 

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی پاکستان میں ایونٹ کی میزبانی کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بھارتی بورڈ دباؤ دے رہا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل اپنایا جائے اور اسکے میچز وہاں منتقل کردیے جائیں۔

حکومت پاکستان نے بورڈ کو دوٹوک انداز میں بھارت کیخلاف سخت موقف اپنانے کا کہہ دیا ہے جبکہ ٹورنامنٹ کی میزبانی بھی ملک میں ہی کرنے کے احکامات جاری ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی انکار نے چیمپئینز ٹرافی کے انعقاد کو خطرے میں ڈال دیا

آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق بھارت نے 2024 سے 2031 کے درمیان 4 آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کرنی ہے، جن میں 2025 میں ویمنز کا ورلڈکپ، 2026 میں ٹی20 ورلڈکپ، 2029 میں آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی اور 2031 میں کرکٹ ورلڈکپ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ ہائبرڈ ماڈل پر نہ ہوا تو کون میزبان ہوگا؟

پاکستانی حکومت کی اپنی ٹیم کو بھارت کا سفر کرنے کی اجازت نہ دینے کی پالیسی اپنائی تو ایونٹس میں پاکستان کی شرکت ناممکن ہوگی جس سے آئی سی سی کو مالی بحران سے بھی نمٹنا پڑسکتا ہے۔

اگر پاکستان آئی سی سی کے ان ٹورنامنٹس سے دستبردار ہو جاتا ہے تو براڈکاسٹنگ ریونیو منفی ہوجائے گا جبکہ آئی سی سی پہلے ہی 2027 تک نشریاتی حقوق حاصل کرچکا ہے، جس کی رقم 3.2 بلین ڈالر بنتی ہے۔
 

Load Next Story