ممبئی پولیس نے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رُخ خان کو قتل کی دھمکی دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے منگل کے روز چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور سے ایک شخص کو اداکار شاہ رخ خان کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
باندرہ پولیس اسٹیشن کو گزشتہ ہفتے ایک فون کال موصول ہوئی تھی جس میں شاہ رخ خان کو دھمکی دی گئی تھی اور 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کی تھا۔
پولیس نے تفتیش کے بعد چھتیس گڑھ کے ایک وکیل، فیضان خان، کو اس کیس میں ملوث پایا کیونکہ مذکورہ دھمکی آمیز کال ایک ایسے فون نمبر سے کی گئی تھی جو ان کے نام پر رجسٹرڈ تھا۔
فیضان خان کو ممبئی پولیس کی جانب سے طلب کیا گیا تاہم پیش نہ ہونے پر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔
رائے پور کے رہائشی فیضان خان کا کہنا ہے کہ ان کا فون 2 نومبر کو چوری ہو گیا تھا اور انہوں نے کھماردیہ پولیس اسٹیشن میں اس کی شکایت درج کروائی تھی۔ فیضان نے ان کے فون کا بالی ووڈ اسٹار کو قتل کی دھمکی دینے کیلئے استعمال ہونا سازش قرار دیا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیضان نے کہا کہ ’میرا فون چوری ہوا تھا جس کی میں نے شکایت بھی کی تھی اور ممبئی پولیس کو بھی یہ بات بتائی انہوں نے تقریباً دو گھنٹے تک مجھ سے تفتیش کی۔‘
فیضان نے مزید کہا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کے خلاف ایک پرانی فلم ’انجام‘ (1994) میں ہرن کے شکار کے حوالے سے ایک ڈائیلاگ پر اعتراض کیا تھا۔ وکیل نے بتایا کہ ان کا تعلق راجستھان سے ہے اور بشنوی برادری جو کہ ہرنوں کے تحفظ کے حوالے سے حساس ہے، ان کی دوست ہے۔
فیضان خان کا ماننا ہے کہ ’جس شخص نے میرے فون سے کال کی ہے، اس کا ارادہ بدنیتی پر مبنی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ میرے خلاف ایک سازش ہے۔‘
یاد رہے کہ بدنام زمانہ بشنوئی گینگ کی جانب سے سلمان خان کو بھی کئی مرتبہ قتل کی دھمکی دی گئی ہے گزشتہ ہفتے پہلی مرتبہ شاہ رُخ خان کو بھی قتل کی دھمکی ملی تھی۔