شریف مافیا کی عوام کے پیسے پر یورپی ممالک میں سیر بےحسی کی علامت ہے، پی ٹی آئی

وزیراعلی مریم نواز کا بیرون ملک علاج کروانا پنجاب کے اسپتالوں کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے، پی ٹی آئی


ویب ڈیسک November 12, 2024

پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ شریف مافیا کی عوام کے پیسے پر پورپی ممالک میں سیر و تفریح بے حسی کی علامت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نواز شریف کے علاج کی غرض سے جنیوا میں قیام پر پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط کٹھ پتلی  حکمرانوں کی اپنےدرباریوں سمیت  عوام کے پیسے پر یورپی ممالک  کی سیر و تفریح شریف مافیا کی بےحسی کی علامت ہے۔ جنیوا کی سڑکوں پر گھومنے والی جعلی  ٹک ٹاکر وزیر اعلیٰ اور اس  کےوالد قوم کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ عوام کی فلاح و بہتری کیلئے ان سے کوئی امید نہ رکھی جائے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بدترین اسموگ سمیت بڑھتی مہنگائی اور لاقانونیت جیسے مسائل  میں گھرے پنجاب کے عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ کران کی وزیراعلیٰ  کاایک معمولی انفیکشن  کےعلاج کیلئےبیرون ملک جانا افسوسناک ہے۔ پنجاب کے اسپتالوں کے حوالے سے بلند و بانگ دعوے کرنے والی مریم نواز کا یورپ میں سرجری اور علاج کرانا پنجاب کے اسپتالوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال کے تناظر میں عوام سے قربانی کا تقاضا کرنے والے انہی کےٹیکس کے پیسے پر یورپی ممالک کے شاہی دورے کرکے قوم کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ عوام کا مینڈیٹ چرا کر زبردستی ملک پر مسلط کیے جانے والوں سے کبھی بھی ملک اور قوم کی بہتری کے اقدامات اٹھانے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ شریف کاخاندان کے ہر دور  اقتدار کا محور قومی خزانہ لوٹنے سے لے کر چوری شدہ پیسے کو محفوظ کرنے تک کے سفر پر مبنی رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق تاریخ گواہ  ہے کہ شریف خاندان کو جب بھی اپنی حکومت خطرے میں نظر آتی ہے یہ عوام کے غیض و غضب سے بچنے کیلئے اپنا چوری کا مال سمیٹ کر باہر بھاگ جاتے ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستانی قوم  ملک  کے پیسے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر بیرون ملک بیش قیمت جائیدادیں بنانے اور عوام کو بدترین حالات تک پہنچانے والوں سے حساب لے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں