روہت شیٹی کا دیپیکا کیساتھ ’لیڈی سنگھم‘ بنانے کا اشارہ

خاتون پولیس افسر کا کردار شامل کرنے کا خیال’سوریا ونشی‘ کے دوران آیا تھا

بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار روہت شیٹی نے دیپیکا پڈوکون کے ساتھ لیڈی سنگھم علیحدہ فلم بنانے کا اشارہ دے دیا۔

حال ہی میں ریلیز ہونے والی اور باکس آفس پر کامیابی سے بزس کرنے والی ’سنگھم اگین‘ میں پولیس کے کرداروں پر مبنی "کاپ یونیورس" کی کئی پرانی اور نئی شخصیات کو شامل کیا گیا جس میں دپیکا پڈوکون نے ’شکتی شیٹی‘ بطور ’لیڈی سنگھم‘ کے کردار میں ڈیبیو کیا۔

فلم کے ہدایتکار روہت شیٹی نے حال ہی میں اس کردار کے بارے میں ایک الگ فلم کے حوالے سے اپ ڈیٹ فراہم کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی اس فلم کا اسکرپٹ تحریر نہیں کیا گیا ہے لیکن ان کے پاس اس فلم کے لئے ایک خیال موجود ہے مگر یہ واضح نہیں ہے کہ اس کو کس سمت میں لے جایا جائے گا تاہم وہ لیڈی پولیس افسر پر علیحدہ فلم بنانے کا سوچ رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کو دیئے ایک انٹرویو میں روہت شیٹی نے بتایا کہ ’کاپ یونیورس‘ میں پہلی خاتون پولیس افسر کو متعارف کروانے میں اتنی تاخیر کیوں ہوئی۔

 انہوں نے وضاحت کی کہ انہیں لیڈی پولیس افسر کے اس کردار کے لیے صحیح اسکرپٹ کا انتظار تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں 2018 تک یہ یقین نہیں تھا کہ ’کاپ یونیورس‘ کا تصور واقعی میں کامیاب ہوگا مگر یہ بےحد پسند کیا گیا۔

روہت نے انکشاف کیا کہ خاتون پولیس افسر کا کردار شامل کرنے کا خیال ان کے ذہن میں ’سوریا ونشی‘ کے دوران آیا تھا، جو اکشے کمار کی فلم تھی۔

روہت نے یہ بھی واضح کیا کہ ’لیڈی سنگھم‘ کے کردار پر مبنی فلم ضرور بنائی جائے گی ورنہ اس کردار کو متعارف ہی نہیں کروایا جاتا۔ ’سنگھم اگین‘ میں شکتی شیٹی کے کردار پر خاص توجہ دینے کی ایک وجہ تھی، جس سے مستقبل میں اس کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا جانا ہے۔

یاد رہے کہ سنگھم اگین حال ہی میں ریلیز کی گئی ہے جس نے باکس آفس پر  خوب توجہ سمیٹی اور اجے دیوگن کی یہ فلم 200 کروڑ سے زائد کا بزنس کر چکی ہے، اس فلم میں اجے دیوگن کے ساتھ کرینہ کپور خان، دیپیکا، رنویر سنگھ، ارجن کپور اور اکشے کمار شامل تھے۔

Load Next Story

انٹرٹینمنٹ

رائے