امریکی فوج نے مُردوں کو حاضر ہونے کے نوٹس جاری کردیے

ریاست پنسلوانیا کے ’ جوانوں ‘ کو یاددہانی کے نوٹس ارسال کیے گئے جنہیں دنیا سے گزرے برسوں ہوچکے تھے


ع۔ر July 22, 2014
ریاست پنسلوانیا کے ’ جوانوں ‘ کو یاددہانی کے نوٹس ارسال کیے گئے جنہیں دنیا سے گزرے برسوں ہوچکے تھے۔ فوٹو : فائل

WAH CANTT: امریکا میں اٹھارہ سے پچیس سال کے نوجوانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ فوجی خدمات کے لیے اپنی رجسٹریشن کروائیں۔

عمر کے اٹھارہ برس مکمل ہوتے ہی وہ رجسٹریشن کروانے کے اہل ہوجاتے ہیں۔ جو نوجوان رجسٹریشن میں تاخیر کرتے ہیں انھیں امریکی فوج کی طرف سے یاددہانی کے نوٹس بھیجے جاتے ہیں۔ رجسٹریشن اور اس سے جُڑے تمام امور کی دیکھ بھال کے لیے ایک خود مختار ادارہ موجود ہے جو '' سلیکٹیو سروس سسٹم'' کہلاتا ہے۔

پچھلے دنوں اس ادارے کی جانب سے ریاست پنسلوانیا کے ' جوانوں ' کو یاددہانی کے نوٹس ارسال کیے گئے۔ جب یہ نوٹس متعلقہ گھروں میں پہنچے تو اہل خانہ یہ جان کر حیران رہ گئے کہ نوٹس ان کے بزرگوں کے نام تھے جن کے انتقال کو بھی برسوں گزر چکے تھے۔

ایسا ہی ایک نوٹس پنسلوانیا کے شہر Nickleville کی رہائشی مارتھا کو ملا جس میں اس کے والد فریڈ منک سے کہا گیا تھا کہ وہ آٹھ جولائی 2014ء کو فوجی خدمات لیے اپنی رجسٹریشن کروالیں۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ مارتھا کے والد کے انتقال کو بھی برسوں گزرچکے ہیں۔

قصہ دراصل یہ ہے کہ سلیکٹیو سروس سسٹم میں یاددہانی کے نوٹس جاری کرنے کے ذمہ دار اہل کار کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ پنسلوانیا میں 1993ء سے 1997ء کے دوران پیدا ہونے والے 14250افراد کو نوٹس ارسال کردے، مگر اس نے بے پروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان لوگوں کو نوٹس جاری کردیے جن کی تاریخ پیدائش ایک صدی قبل یعنی 1893ء سے 1897ء کے درمیان تھی۔ ان میں سے بیشتر لوگ ابدی نیند سو چکے ہیں۔ مذکورہ ادارے نے اس غلطی پر ان لوگوں کے اہل خانہ سے معذرت کی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں