چیکنگ کے دوران شہری سے 85 ہزار روپے ہتھیانے والے پنجاب پولیس کے 4 اہلکار برطرف

پولیس ترجمان کے مطابق انکوائری میں اہلکاروں پر جرم ثابت ہوا اور انہوں نے اعتراف بھی کرلیا

فوٹو فائل

لاہور پولیس نے چیکنگ کے دوران شہری سے 85 ہزار روپے ہتھیانے والے چار اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور پولیس کے آپریشن ونگ نے محکمانہ احتساب میں مزید سختی کرتے ہوئے چار اہلکاروں کی نوکری ختم کردی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز  کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز نے بعد از انکوائری اہلکاروں کو برطرف کرنے کے آرڈر جاری کر دیے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق اہلکاروں کو انکوائری رپورٹ میں قصور وار ثابت ہونے پر ڈسمس کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق نوکری سے ہٹائے جانے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل محمد نواز، کانسٹیبل امتیاز احمد، حمیر الحسن اور نعمان ساجد شامل ہیں جنہوں نے پانچ نومبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع چار سدہ کے رہائشی مصطفیٰ اور ادریس کو خریداری کے بعد بس اڈے سے حراست میں لیا اور چیکنگ کے بہانے نامعلوم مقام پر لے گئے تھے۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق برخاست اہلکاروں نے مصطفی اور ادریس سے 85 ہزار روپے ہتھیائے جس کا انہوں نے دوران تفتیش اعتراف بھی کرلیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ عوام کو تنگ کرنے اور قانون شکنوں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے، لاہور پولیس خوداحتسابی کے تمام اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے، افسر ہو یا اہلکار، اختیارات سے تجاوز کرنے پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔

فیصل کامران نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت لاہور پولیس کے تمام افسران روزانہ مسائل سنتے ہیں، لاہور پولیس سے متعلق شکایت کی سنوائی متعلقہ دفتر میں نہ ہو تو شہری میرے دفتر بلاجھجھک آسکتے ہیں۔

Load Next Story