کیبل انڈسٹری کیلیے فوری اشتہاری پالیسی بنائی جائے، خالد آرائیں

الیکٹرانک میڈیا، آؤٹ ڈور، ڈیجیٹل میڈیا اور سینما تک کیلیے مربوط سرکاری اشتہارات کی پالیسی موجود ہے

اسلام آباد:

چیئرمین کیبل ایسوسی ایشن آف پاکستان (کیپ) خالد آرائیں نے اسلام آباد میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن سے ملاقات کی، ملاقات میں کیبل اور میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا.

خالد آرائیں نے کیبل نیٹ ورکس کو ایک منظم صنعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے کیبل انڈسٹری کیلیے کوئی اشتہاری پالیسی نہیں بنائی گئی جس سے یہ انڈسٹری مشکلات کا شکار ہے،

انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ باوجود اس کے کہ الیکٹرانک میڈیا، آؤٹ ڈور، ڈیجیٹل میڈیا اور سینما تک کیلیے مربوط سرکاری اشتہارات کی پالیسی موجود ہے مگر کیبل انڈسٹری کے قانونی ان ہاؤس چینلز کو اب تک اس سے محروم رکھنا افسوسناک عمل اور کیبل انڈسٹری کی بقا کیلیے فوری طور پر اسے تشکیل دینے کی اشد ضرورت ہے.

 پی آئی او مبشر حسن نے کیبل اور میڈیا انڈسٹری کی حمایت میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور اس بات سے اتفاق کیا کہ اگر کیبل ایسوسی ایشن آف پاکستان ناظرین کے مطابق اشتہاری پالیسی کی تجاویز پیش کرے تو سرکاری اشتہارات کو کیبل ٹی وی پر شامل کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے،

چیئرمین کیپ خالد آرائیں نے پی آئی او مبشر حسن کی جانب سے کیبل ایسو سی ایشن کے موقف کی تائید اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس پالیسی کی فوری تشکیل کر کے اسے نافذ العمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں پیمرا کو بھی باقاعدہ طور پر درخواست دی جا چکی ہے.

 اس ملاقات کو کیبل انڈسٹری کے مستقبل کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے جس سے کیبل نیٹ ورکس کو سرکاری اشتہارات ملنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے اور انڈسٹری کو مالی استحکام حاصل ہو گا۔

Load Next Story