کوپ 29؛ پاکستان نقصان دہ گیسوں کے اخراج میں کمی کا مطالبہ کرے گا

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کوپ 29 میں موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی اہمیت اجاگرکریں گے

وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری کوپ 29 کانفرنس میں  موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی اہمیت اجاگر کریں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب اقوام متحدہ کے فریم ورک برائے موسمیاتی تبدیلی کے فریقین کی 29ویں کانفرنس (کوپ29) میں شرکت کے لیے آزربائیجان کے دارالحکومت باکو روانہ ہو گئے۔پاکستان کانفرنس میں نقصان دہ گیسوں کے اخراج میں کمی کا مطالبہ کرے گا۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کاپ29 کانفرنس کے دوران اعلیٰ سطح نشستوں، تقریبات اور مباحثوں میں شرکت کریں گے۔وزیر خزانہ کانفرنس میں قائم پاکستان پویلین میں منعقدہ تقریبات اور سرحدی منڈیوں میں مقامی ماحولیاتی کاروائی اور بصیرت فنڈ کے اجراء کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں شریک ہوں گے۔

محمد اورنگزیب پاکستان پویلین میں 'نیشنل کلائمیٹ فنانس اسٹریٹجی' کا اجرا کریں گے اور وزیر خزانہ، وزارت منصوبہ بندی کے زیر اہتمام 'کلائمیٹ ریسپانسو پبلک انویسٹمنٹ' کے موضوع پر منعقدہ پینل مباحثے میں شرکت کریں گے۔وزیر خزانہ اپنے خطابات اور گفتگو میں موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا شدہ نقصان، موافقت، تخفیف اور نفاذ کے پہلوؤں پر مثبت اور متوازن پیش رفت کی اہمیت اجاگر کریں گے

وزیر خزانہ ترقی پذیر ممالک کو درپیش موسمیاتی مسائل کے حل کے لیے پیش بینی اور توقعات پر مبنی فناسنگ کی ضرورت پر زور دیں گے اور  موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کی  تاریخی ذمہ داری کا احساس دلائیں گے اور اپنی تقاریر میں مساوات،اشتراک کے ساتھ ساتھ فرق پر مبنی احساس کے ساتھ چیلنج کا سامنا کرنے کے اصول کی اہمیت واضح کریں گے۔

محمد اورنگزیب دورے کے اختتام پر آئی ایم ایف کے وفد سے ملاقات کریں گے۔ وزیرخزانہ جمعہ کو وطن واپس آئیں گے۔

Load Next Story