وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی سیاسی پیدائش احتجاج، دھرنوں اور جلسوں کی شرط پر ہوئی۔
پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری نے بیان میں کہا کہ ایمپائر کی انگلی،سازشی کردار اور سہولت کاری بانی پی ٹی آئی کی سیاست کا قبلہ رہے۔ چور چور کی گردان کرنے والے کا اپنا پورا ٹبر چوری میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ قوم کے بچوں کو اپنے اقتدار کی ہوس میں جھونک کر ان کے اپنے بچے لندن میں لگژری لائف سٹائل انجوائے کررہے ہیں۔
عظمی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی سیاست "سڑک چھاپ"سیاست سے بھی بدتر ہوچکی ہے۔ نوازشریف نے کہا تھا ہم سڑکیں بناتے جائیں گے تم سڑکیں ناپتے جاؤ گے۔پنجاب کی ترقی فتنہ پارٹی سے ہضم نہیں ہورہی۔ عمران خان کی سیاسی زندگی ڈھیل اور ڈیل کے گرد گھوم رہی ہے۔ ملک میں خوشحالی لوٹ رہی ہے اور سرمایہ کاری آرہی ہے اس لیے فتنے اور اسکی جماعت کو احتجاج،احتجاج اور احتجاج کے خواب آرہے ہیں۔
صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ سیاسی لوگ سیاسی جدوجہد کرتے سیاست کی آڑ میں فیڈریشن پر چڑھائی کے خواب نہیں دیکھتے۔ پرامن احتجاج کی آڑ میں شرپسندی پھیلانے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ جو قانون توڑے گا اور شہریوں میں خوف ہراس پھیلائے گا اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔