بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور سیاستدان متھن چکروردی کا انتخابی مہم کے دوران پرس (والٹ) چوری ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متھن چکرورتی ان دنوں اسمبلی انتخابات کیلئے مہم سازی میں مصروف ہیں، وہ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی امیدوار کے لیے انتخابی مہم کے لیے آئے تھے جہاں انکی جیب کاٹ کر پرس چوری کرلیا گیا۔
ماضی کے اداکار اور سیاستدان کا پرس اس وقت چوری ہو ا جب وہ دھنباد ضلع کی نیرسا اسمبلی پہنچے تھے۔ جہاں سے بی جے پی نے اپرنا سین گپتا کو اپنا امیدوار بنایا ہے، اس انتخابی مہم سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں اسٹیج سے اعلان کیا جا رہا ہے کہ جس نے بھی پرس چوری کیا ہے وہ اسے واپس کر دے۔
ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے اسٹیج پر موجود ایک شخص مائیک پر کہہ رہا ہے ’ آپ سے درخواست ہے کہ جس نے بھی متھن دا کا پرس لیا ہے، اسے واپس کر دیں‘۔
لوگ متھن کی آمد کے منتظر تھے تاہم جب انہوں نے بی جے پی لیڈروں کو بتایا کہ ان کا پرس غائب ہو گیا ہے تو اسٹیج سے اعلانات ہونے لگے جس کے بعد جلسہ عام میں اپنے خیالات پیش کرنے کے بعد متھن جلد ہی واپس لوٹ گئے۔
متھن چکروردی کا کا پرس تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن وہ نہ مل سکا جس پر بی جے پی کے مقامی لیڈروں نے اس حرکت کے خلاف کارروائی کرنے کا ارادہ کیا ہے تاہم اس معاملے پر متھن کی طرف سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔