جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستانی قوم متحد اور یک آواز ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں فلسطینی سفارت خانہ میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زھیر زید سے ملاقات کی۔انہوں نے پاکستان میں تعیناتی پر نئے فلسطینی سفیر کو خوش آمدید کہا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آزادی فلسطین کی جد و جہد میں ہم فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین کے حوالے سے ہماری وہی پالیسی ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی پالیسی تھی اور جس کا اعلان مسلمانان ہند نے 1940 میں قرار داد پاکستان پیش کرتے وقت کیا تھا۔ بیت المقدس کی آزادی ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔مسئلہ فلسطین پر پوری پاکستانی قوم متحد اور یک آواز ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ کے عوام کی امداد کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی اور اس میں ہم مزید تیزی لائیں گے۔
فلسطین کے سفیر نے پاکستان کے عوام اور جماعت اسلامی پاکستان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فلسطینی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور پاکستان کی حمایت فلسطینیوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔صہیونیت نسلی تفاخر پر مبنی ایک غیر انسانی نظریہ ہے جو غیر یہودی بے گناہ عوام حتی کہ بے گناہ خواتین اور بچوں کے قتل کو جائز سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی نظریات سے پورے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔ ہم اسلامی ممالک کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ مزید عملی اقدمات کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔