نیب کی کراچی میں کارروائی، 128 ملین کی جائیداد کا قبضہ ایف بی آر کو دوبارہ دلوادیا
قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہر قائد میں کارروائی کرتے ہوئے 128 روپے مالیت کی ضبط شدہ جائیدادوں کا قبضہ ایف بی آر کو واپس دلوا دیا۔
قومی احتساب بیورو کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیب کراچی نے کرپشن کے خلاف کامیاب کارروائی کے نتیجے میں ایف بی آر کی 128 ملین روپے مالیت کی ضبط شدہ جائیدادوں کا قبضہ واپس دلا دیا-
اعلامیے کے مطابق ان جائیدادوں کو سابق سینیئر آڈیٹر سیلز ٹیکس کراچی کی طرف سے ضبط کیا گیا تھا، جس کے خلاف ظاہر شدہ آمدن سے بڑھ کر اثاثے بنانے کا الزام تھا-
نیب کراچی نے اس سلسلے میں انکوائری کی اور تحقیقات کے بعد احتساب عدالت نمبر ون کراچی میں ریفرنس دائر کیا- جہاں احتساب عدالت نے ملزم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے قصوروار قرار دیا اور اسے قید کے ساتھ ساتھ ایک کروڑ 42 لاکھ 41 ہزار روپے جرمانے کے ساتھ جائیداد ضبط کرنے کی سزا سنائی تھی-
ملزم نے اس سزا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی جسے خارج کر دیا گیا- بعد ازاں نیب کراچی نے تین ضبط شدہ جائیدادوں کا قبضہ حاصل کیا اور ڈی جی نیب کراچی نے ان جائیدادوں کا قبضہ نیب آفس کراچی منعقدہ تقریب کے دوران چیف کمشنر ان لینڈ ریوینیو لارج ٹیکس پیرز آفس فیڈرل بورڈ اف ریونیو ایف بی آر کراچی کے حوالے کر دیا-
اس موقع پر ڈی جی نیپ کراچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام لوٹی ہوئی رقوم متعلقہ محکموں اور افراد کے حوالے کی جائیں گی- انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کی قیادت میں نیب کراچی عزم و استقلال سے بدعنوانی کے خلاف بھرپور کاروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور اس قسم کی کاروائیوں کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ نیب مفاد عامہ کے پیش نظر بدعنوان عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لا رہی ہے-