نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کی نیلامی کے لیے دی گئی بولی مسترد کردی

ایئرلائن کی نجکاری کے لیے نئی تجاویز پیش کردی گئیں جنہیں کابینہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا

اسلام آباد:

نجکاری کمیشن بورڈ نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے موصولہ بولی مسترد کردی، ایئرلائن کی نجکاری کے لیے نئی تجاویز پیش کردی گئیں جنہیں کابینہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات و نجکاری عبدالعلیم خان کی زیرصدارت پرائیوٹائزیشن کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا اورمختلف سفارشات کی منظوری دی گئی۔

اس موقع پر وزیر برائے نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ نجکاری کے معاملات قوانین و ضوابط کے مطابق اور ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے ہوں گے، پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے امور کا حتمی فیصلہ کابینہ کمیٹی کو کرنا ہے۔

انہوں نےکہا کہ پی آئی اے سمیت اداروں کی پرائیوٹائزیشن کیلئے آئندہ پیشکش کے عمل کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔

عبدالعلیم خان نے ہدایت دی کہ پی آئی اے سمیت دیگر سرکاری اداروں کی بلاتاخیر نجکاری کو آگے بڑھایا جائے، ہم اپنے حلف کے پابند ہیں کہ ملک و قوم کی بہتری کے لیے جو کچھ ہوا وہ ضرور کریں گے، پی آئی اے نجکاری کے عمل سے سیکھنے اور آئندہ اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

دریں اثنا پرائیوٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس میں دیگر منصوبوں کی نجکاری کے حوالے سے بھی اہم امور زیر غور آئے۔

Load Next Story