الخدمت فاؤنڈیشن جاپانی حکومت کے اشتراک سے 7 واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے گی

جاپانی حکومت الخدمت فاؤنڈیشن کو منصوبے کے لیے 19.5ملین روپے فراہم کرے گی، معاہدہ طے پاگیا

اسلام آ باد:

 

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور جاپان میں معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت الخدمت فاؤنڈیشن جاپانی حکومت کے اشتراک سے صاف پانی کی فراہمی کیلیے 7 واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے گی۔ 
 
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور جاپان حکومت میں پاکستان کے صنعتی علاقوں میں شہریوں کوصاف پانی کی فراہمی کیلئے معاہدے کی تقریب وفاقی دارالحکومت میں قائم جاپانی سفارت خانے میں منعقد ہوئی۔
 
جاپانی سفیرواڈامٹسوہیرواور مرکزی نائب صدروچئیرمین الخدمت واش پروگرام  سیداحسان اللہ وقاص نے معاہدے پر دستخط کیے، جس کے مطابق پاکستان کے شہروں فیصل آباد اور اوکاڑہ میں 7 واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کیلیے جاپانی حکومت، الخدمت فاؤنڈیشن کو19.5ملین روپے فراہم کرے گی۔
 
جاپانی سفیر واڈا مٹسو ہیرو  نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلیے جاپانی حکومت،پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں فلاحی منصوبے جاری رکھے گی، اور ہمیں امیدہے مقامی کمیونٹی کے اشتراک سے یہ ترقیاتی منصوبے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد دیں گے۔
 
انہوں نے کہا کہ جاپانی حکومت نظام کو مزید لچکدار بنائے گی اور پاکستان کے دور دراز علاقوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بروقت امداد فراہم کرے گی۔
 
اس موقع پر نائب صدرالخدمت سیداحسان اللہ وقاص نے جاپانی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی علاقوں کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبے کو جلد مکمل کریں گے، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں سات واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے جن سے یہاں کے ہزاروں خاندانوں کو فلٹر شدہ پانی کی فراہمی کا آغاز ہو جائے گا۔
 
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال الخدمت فاؤنڈیشن نے 31.2 کروڑ کی لاگت سے صاف پانی کے منصوبہ جات کی تنصیب کی۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے صاف پانی  کے منصوبوں سے روزانہ 56 لاکھ سے زائد افراد صاف پانی کی نعمت سے مستفید ہوتے ہیں۔ 
Load Next Story