زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں ڈالر کی پیش قدمی کا تسلسل ٹوٹ گیا
زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں ڈالر کی مسلسل پیش قدمی کا تسلسل ٹوٹ گیا، بدھ کو روپے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
حکومت کا آئی ایم ایف حکام کو منی بجٹ لائے بغیر متبادل ذرائع سے ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کی بازگشت، اکنامک ریویو مکمل ہونے کے نتیجے میں آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مارچ میں قرضے کی دوسری قسط جاری ہونے کی توقعات کے باعث دو روزہ وقفے کے بعد بدھ کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔
اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی آمد مزید بڑھنے کی پیشگوئیوں، درآمدات قابو میں رہنے اور برآمدات میں بتدریج اضافے جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 15پیسے کی کمی سے 277روپے 77پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔
بعدازاں سپلائی میں بہتری آتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ آنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 07پیسے کی کمی سے 277روپے 85پیسے کی سطح پر بند ہوئے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 03پیسے کی کمی سے 278روپے 80پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔