پشاور:حوالہ ہنڈی کیخلاف ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی، نجی ایکسچینج سے 23 کروڑ روپے برآمد

ایکسچینج منیجر گرفتار، رقومات افغانستان سے آنے کا اعتراف، مرکزی ملزم گولڈ اسمگلر خالد منظور کی گرفتاری کیلیے چھاپے

پشاور:

ایف آئی اے نے ملکی تاریخ میں غیر قانونی کرنسی کاروبار حوالہ ہنڈی کے خلاف پشاور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے نجی کرنسی ایکس چینج کے منیجر کو گرفتار کرکے 23 کروڑ روپے برآمد کرلیے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نعیم خان کے مطابق کارروائی اندرون شہر صرافہ بازار میں کی گئی جس میں ہنڈی و حوالہ اور غیر قانونی کرنسی ایکس چینج کے منیجر عطاء اللہ کو گرفتار کرکے دکان کے خفیہ خانوں میں چھپائے گئے 23 کروڑ روپے برآمد کرلیے۔
 
نعیم خان کے مطابق غیر قانونی کرنسی ایکس چینج کے خلاف ایف آئی اے کی اب تک کی تاریخ کی یہ سب سے بڑی کارروائی ہے جس میں کارروائی سے قبل ایک ہفتے تک ریکی کی گئی، منیجر کی گرفتاری کے بعد اب اصل سرغنہ خالد منظور کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔
 
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نعیم خان کے مطابق ملزم خالد منظور سونے کی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے اور ایف آئی اے کو مطلوب ہے، خالد منظور کو پہلے بھی گرفتار کیا گیا تھا تاہم عدالت نے رہا کردیا تھا۔
 
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم عطاء اللہ نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملزم کو زیادہ تر رقم افغانستان سے بھیجی جارہی تھی، نامعلوم لوگوں کو بھیجی جانے والی رقم ملک کے لیے خطرہ ہے، غیر قانونی طریقہ کار سے بھیجی گئی رقوم پہلے بھی دہشت گردی اورغیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہوئی ہیں۔
 
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ہنڈی و حوالے کے کاروبار کے خاتمے کے لیے کارروائیاں تیز کرچکے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر ہنڈی حوالہ کے خلاف کہیں نہ کہیں کارروائی ہورہی ہے۔
Load Next Story