کیچ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، خودکش بمبار بھرتی کرنے والے دہشت گرد سمیت 4 ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 نومبر کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع کیچ  کے علاقے بلگتار میں کارروائی کی، آئی ایس پی آر

راولپنڈی:

 

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے ایک علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے چار انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، مرنے والوں میں وہ دہشت گرد بھی شامل ہے جو خودکش حملہ آوروں کو بھرتی کرتا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 نومبر کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلگتار میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔ جس کے دوران دیشت گردوں سے فائرنگ کا شدید تبادلہ بھی ہوا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ سے انتہائی مطلوب سمیت چار دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں گروپ کا سرغنہ ثنا المعروف بارو بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارا جانے والا یہ دہشت گرد کیچ میں خودکش بمباروں کی بھرتی کے لئے مہرہ تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ علاقے میں کسی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لئے علاقے کی کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔ ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔

Load Next Story