اسلام آباد:
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی ہمارے قومی مہمان ہیں جن کی سیکیورٹی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
اسلام آباد میں ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں کو سیکیورٹی فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے کیونکہ وہ ہمارے قومی مہمان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں پیش آنے والے واقعات منظم دہشتگردی کا نتیجہ ہیں، جن کا مقصد پاک چین تعلقات میں خلل ڈالنا اور سی پیک کو روکنا ہے، دونوں ممالک سیکیورٹی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رابطے میں ہیں اور ایسے فریم ورک پر اتفاق کریں گے جو دونوں ممالک کیلئے قابل قبول ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں کامیاب ہوں گے، اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کرنا ہوگا جہاں ضروری ہوگا سیکیورٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنائیں گے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پہلے سے منظور شدہ اسپیشل اکنامک زونز پر آئی ایم ایف کی شرائط عائد نہیں ہوتیں تاہم آئی ایم ایف کی شرائط نئے اکنامک زونز (اقتصادی راہداری) سے متعلق ہیں۔