مہر اور جتوئی قبائل کا جرگہ، 7 افراد کا قتل ثابت ہونے پر 2 کروڑ 20 لاکھ خون بہا عائد

جرگے میں پیپلزپارٹی کےرہنما علی گوہرمہر،غوث بخش مہر،ابراہیم جتوئی، میرعابد جتوئی سمیت دونوں برادریوں کے معززین کی شرکت

فوٹو: فائل

سکھر:

مہر اور جتوئی قبائل کے جرگے میں سات افراد کا قتل ثابت ہونے پر 2 کروڑ 20 لاکھ روپے خون بہا عائد کیا گیا۔ 

مہر اور جتوئی قبائل کے درمیان جاری  دشمنی کے خاتمے کے لیے  دونوں قبائل کے درمیان جرگہ ہوا۔  سرکٹ ہاؤس سکھر میں منعقد جرگے میں پیپلزپارٹی کے رہنما علی گوہر مہر، غوث بخش مہر ، ابراہیم جتوئی ، میر عابد جتوئی سمیت دونوں برادریوں کے معززین نے شرکت  کی۔ 

جرگے کا فتویٰ کریم بخش بڈانی نے پڑھ کر سنایا ، جرگے میں دونوں فریقین کے سات خون ثابت ہوئے اور دونوں فریقین پر مجموعی طور پر  2 کروڑ 20 لاکھ  روپے خون بہا عائد کیا گیا۔ 

مہر برادری کے 5 قتل ثابت ہوئے،  چار مردوں کا خون بہا ایک کروڑ اور ایک خاتون کے قتل کا خون بہا 50 لاکھ روپے  رکھا گیا۔ 

جتوئی برادری پر مجموعی طور پر ایک کروڑ 50 لاکھ  خون بہا عائد کیا گیا، جتوئی برادری کے دو خون ثابت ہوئے جن کا خون بہا 50 لاکھ روپے رکھا گیا۔ 

جرگے میں  ایک عورت کے اغوا کا جرمانہ 20 لاکھ  روپے رکھا گیا جبکہ عورت کے قتل کی رقم مرد کے قتل سے دوگنی رکھی گئی۔ 

جرگے میں طے پایا کہ  کسی بھی واردات میں مرنے والے چور کا جرمانہ نہیں ہوگا اور فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے یا جھگڑے میں پہل کرنے پر 25 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ 

Load Next Story