پہلا ٹی20؛ آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دیدی

گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی


ویب ڈیسک November 14, 2024

تین میچز کی سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دیکر 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔


گابا کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے بارش سے متاثرہ 7 اوورز کے میچ میں پاکستان کیخلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے۔

کینگروز نے ابتداء سے ہی جارحانہ انداز اپنایا تاہم اوپنرز تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے، جیک فریزر میک گرک 9 اور میٹ شارٹ 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ تاہم گلین میکسویل نے 19 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔

دیگر کھلاڑیوں میں ٹم ڈیوڈ 10 بناکر آؤٹ ہوئے تاہم مارکس اسٹونیس21 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم مقررہ 7 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بناسکی، پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان 8، عثمان خان 4، بابراعظم 3، آغا سلمان 4 جبکہ کپتان محمد رضوان اور عرفان خان نیاری صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے حسیب اللہ خان 12، شاہین آفریدی 11 جبکہ عباس آفریدی نے 20 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ اور نتھین ایلس نے 3، 3 جبکہ اسپینسر جانسن اور ایڈم زمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں برسبین میں شیڈول سیریز کا پہلا ٹی20 میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار رہا۔ یاد رہے گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے بارش اور طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی کی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 مقابلہ 7، 7 اوورز تک محدود رہا، جبکہ پاور پلے 2 اوورز پر مشتمل تھا، اسی طرح ایک بالر زیادہ سے زیادہ 2 اوورز کروا سکا۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کے فیصلے پر کہنا تھا کہ اوور کاسٹ کنڈیشنز کی وجہ سے بالنگ کرنا چاہتے ہیں تاکہ ابتدائی اوورز میں کینگروز کی جلد وکٹیں حاصل کرسکیں۔

اس موقع پر آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ میچ کا ٹاس جیتتے تو پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے۔

پاکستان اور آسٹریلیا آخری مرتبہ لاہور میں 2022 میں کھیلے گئے ٹی20 میچ میں مدمقابل آئے تھے جس میں کینگروز نے فتح پائی تھی، پاکستان نے آسٹریلیا میں میزبان سائیڈ کے خلاف اب تک 4 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں، گرین شرٹس کو 3 میں شکست ہوئی اور ایک میچ بے نتیجہ ثابت ہوا تھا۔

خیال رہے کہ تین ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ:

کپتان جوش انگلس، جیک فریزر میک گرک، میٹ شارٹ، گلین میکسویل، ٹم ڈیوڈ، مارکس اسٹونیس، آرون ہارڈی، زیویئر بارٹلیٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زمپا، اسپینسر جانسن

پاکستان کا اسکواڈ:

کپتان محمد رضوان، بابراعظم، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، سلمان آغا، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، حسیب اللہ خان، حارث رؤف، نسیم شاہ

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں