لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 14 سے 16 نومبر تک بارشوں کا امکان ہے جس سے اسموگ میں کمی کے امکانات ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، فیصل آباد، گجرانوالہ، لاہور، میانوالی، خوشاب، اور سرگودھا میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ 15 نومبر کو بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ بارشوں سے اسموگ میں کمی کے امکانات ہیں، اسموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔ شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث سردی اور دھند میں اضافے کے امکانات ہیں، دوران سفر فوگ لائیٹس کا استعمال کریں۔
ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔