سندھ کے سینیر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی سیاست کو آلودہ کردیا ہے۔ لیڈر وہ ہوتا ہے جو لوگوں کو تعلیم اور علم دے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں سندھ کے سینیروزیرشرجیل انعام میمن نے کہا کہ وہ شخص کتنا جھوٹا تھا جو کہتا تھا کہ غلامی قبول نہیں۔ عوام کے ذہنوں میں کس حد تک نفرت ڈالی گئی۔ کسی ملک کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہیے۔ اب سیاست گالم گلوچ تک محدود ہوگئی ہے۔ قاضی فائز عیسی کے ساتھ لندن میں بدتمیزی کی گئی۔اس کے نتائج خطرناک ہوسکتے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ تعجب کی بات ہے کہ عمران خان نے احتجاج کی کال کیوں دی ہے۔ عمران خان وہی ہیں جنہوں نے جعلی انتخابات جیت کر ایکسٹینشن دی۔ جنرل باجوہ کوعمران خان نے کہا تھا کہ زندگی بھر ایکسٹینشن دیتا ہوں۔ احتجاج کی وجہ بتا دیں۔ لوگ اب عمران خان کی بات نہیں سن رہے۔ کے پی میں پوری حکومتی مشینری استعمال کی جاتی ہے۔ اس طرح کی کال دیکر ملک میں انارکی پیدا کرنا چاہ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی اب انارکی پھیلانے میں مکمل ناکام ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں ٹریفک کے مسئلے پر سنجیدہ ہے۔ حکومت نے بس اڈے شہر سے باہر منتقل کیے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ فری شٹل سروس چل رہی ہے۔ بس اسٹینڈ پر مسافروں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریڈ لائین اور ییلو لائن پر تیزی سے کام چل رہا ہے۔ گرین لائین بی آر ٹی بھی جنوری میں حکومت سندھ کو مل جائے گی۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ روڈ چیکنگ مہم ایکسائیز کر رہی ہے۔ 22ہزار سے زائد گاڑیوں کو چیک کیا گیا جن میں سے 115 غیررجسٹرڈ گاڑیاں نکلیں۔ ایک ہزار 472 گاڑیوں کے کاغذات ضبط کیے گئے۔ ایک کروڑ 9 لاکھ روپے روڈ چیکنگ سے اکٹھا کیے گئے۔ سختی کے بعد غیر رجسٹرڈ گاڑیاں سڑک پر نہیں نکل سکیں گی۔
سینیر وزیرسندھ نے کہا کہ پریمیم نمبر پلیٹس کا کامیاب آکشن ہوا۔ یکم دسمبر کو پریمیم نمبر پلیٹس کا پھر آکشن کریں گے۔ پورے پاکستان کے لوگ اس میں شرکت کر سکتے ہیں۔ آن لائن آکشن بھی شروع کیا ہے۔