بھارتی ریاست ہریانہ کی ایک بھینس نے اپنے وزن، روزانہ کی خوراک اور قیمت کے باعث عالمی شہرت حاصل کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انمول نامی بھینس کو آل انڈیا کسان فیسٹول میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا جسے دیکھنے کے لیے دور دراز علاقوں سے شہریوں کی بڑی تعداد پہنچی تھی۔
ویسے تو اپنے نام کی طرح اس بھینس کا کوئی مول نہیں تاہم 1500 کلو وزنی اس بھینس کی قیمت 23 کروڑ بھارتی روپے ہے جو پاکستانی 76 کروڑ روپوں سے زائد بنتے ہیں۔
اس ایک بھینس کی قیمت میں متعدد عالیشان گھر اور لگژری کاریں خریدی جا سکتی ہیں۔ انمول نامی بیش بہا قیمت بھینس کی پرورش بھی بڑی شاہانہ انداز میں ہوئی ہے۔
’انمول‘ بھینس کے روزانہ کا مینیو بھی بہت خاص ہے جسے اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ انمول کو زیادہ سے زیادہ کیلیوریز، وٹامنز اور بھرپور غذائیت ملتی رہے۔
بھینس کی روزانہ کی خوراک میں 250 گرام بادام، 4 کلو انار، 30 کیلے اور 20 انڈوں سمیت سبز چارہ، دیسی گھی، سویابین اور مکئی شامل ہیں جب کہ یہ روزانہ 5 کلو دودھ بھی پیتی ہے۔
انمول کی صحت کے ساتھ ساتھ اس کا مالک بھینس کی جلد کا بھی خاص خیال رکھتا ہے جس کے لیے وہ انمول کو روزانہ بادام اور سرسوں کے تیل سے 2 بار نہلاتا ہے۔
تاہم بھینس کے مالک نے بتایا کہ وہ اسے بیچنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ اسی لیے اس کا نام انمول یعنی وہ جس کی کوئی قیمت نہ ہو رکھا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں 23 کروڑ بھارتی روپوں میں 2 رولس رائس کاریں یا 2 مرسڈیز بینز گاڑیاں یا پھر ایک درجن سے زیادہ لگژری گھر خریدے جا سکتے ہیں۔