ناظم آباد پولیس نے پیٹرول پمپ کے مینیجر سے 43 لاکھ کی ڈکیتی  کا معمہ حل کرلیا، کیشیئر گرفتار

واردات میں پیٹرول پمپ کا کیشیئر ہی مخبر نکلا جسے پولیس نے دیگر 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے 4 لاکھ روپےبرآمد کرلیے 


اسٹاف رپورٹر November 14, 2024

کراچی:

ناظم آباد پولیس نے پیٹرول پمپ کے مینجر سے 43 لاکھ روپے کی ڈکیتی  کا معمہ حل کرلیا ، واردات میں پیٹرول پمپ کا کیشیئر ہی مخبر نکلا جسے پولیس نے دیگر 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔ 

 اس حوالے سے ایس ڈی پی او ناظم آباد ڈی ایس پی کمال نسیم نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 28 اکتوبر کو ناظم آباد 4 نمبر سروس روڈ فائن سی این جی پمپ کے قریب قائم پیٹرول پمپ کے مینیجر سے ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی۔ 

موٹر سائیکل سوار 4 ڈاکو اسلحے کے زور پر پیٹرول پمپ کے مینجر سے 43 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوئے تھے جس کا مقدمہ ڈکیتی کی دفعات کے تحت ناظم اباد تھانے میں درج ہوا تھا جبکہ پولیس نے واردات کے حوالے سے دستیاب سی سی فوٹیجز بھی حاصل کی تھیں۔ 

 انھوں نے بتایا کہ ناظم آباد پولیس اور انویسٹی گیشن پولیس نے مشترکہ طور پر اس کیس پر کام شروع کیا اور ٹیکنیکل بنیادوں اور فوٹیجز کی مدد سے واردات میں ملوث 3 ملزمان امیر جان ، لطف علی اور نثار احمد کو گرفتار کر کے 4 لاکھ روپے نقدی برآمد کرلیے جبکہ دیگر 2 ملزمان کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

گرفتار ملزمان میں شامل نثار احمد پیٹرول پمپ کا کیشیئر ہے جس نے اپنے ساتھی ملزمان کو مینجر کے کیش لے جانے کی اطلاع دی تھی ، پولیس گرفتار ملزمان سے مزید وارداتوں اور دیگر ساتھیوں سے متعلق مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں