بالی ووڈ میں رواں سال فلم ’مہاراج‘ سے اپنا ڈیبیو کرنے کے بعد، جنید خان ویلنٹائن ڈے 2025 کے قریب دو بڑی فلمیں ریلیز کرنے کی تیاریوں میں ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، ان کی ایک فلم جس میں وہ سائی پلوی کے ساتھ نظر آئیں گے اور جسے ان کے والد عامر خان نے پروڈیوس کیا ہے، 14 فروری کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
دوسری جانب، خوشی کپور کے ساتھ ان کی رومانوی فلم لو ٹوڈے کی ہندی ری میک بھی 7 فروری کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی، جسے بونی کپور اور فینٹم اسٹوڈیوز نے پروڈیوس کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، دونوں فلموں کا نوجوان ناظرین کے لئے ویلنٹائن ڈے پر ریلیز ہونا باکس آفس پر مقابلے کی صورتحال پیدا کر سکتا ہے، جس کے باعث دونوں پروڈکشن ٹیمیں ریلیز کی تاریخیں تبدیل کرنے پر غور کر رہی ہیں۔ توقع ہے کہ دسمبر میں نئے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔
عامر خان ان دنوں امریکہ میں اپنی فلم لاپتہ لیڈیز کے فروغ میں مصروف ہیں، مگر جلد ہی وہ لو ٹوڈے کی پروڈکشن ٹیم کے ساتھ ملاقات کر سکتے ہیں تاکہ ریلیز شیڈول پر کوئی حتمی فیصلہ ہو سکے۔