انگلش ٹیم کی شکست کے درپردرہ ہوٹل میں موجود بھوت ہیں برطانوی میڈیا کی نئی منطق

150سال پرانے آسیب زدہ ہوٹل میں کئی پلیئرزکوغیرمرئی طاقتوں نے پریشان کیا،رپورٹ

اچانک باتھ روم کے تمام نل خودبخود چلنے لگے، جب لائٹیں آن کیں تو وہ خود بند ہو گئے، دوبارہ لائٹ آف کرنے پر نل پھرکھل گئے،اسٹورٹ براڈ ۔ فوٹو : فائل

انگلش ٹیم ''7بھوتوں'' کے سبب لارڈز ٹیسٹ ہار گئی، تقریباً150 سال پرانے آسیب زدہ ہوٹل میں قیام کے دوران کئی کھلاڑیوں کو غیرمرئی طاقتوں نے بیحد پریشان کیا، اس کا انکشاف گذشتہ روز برطانوی میڈیا میں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت سے لارڈز ٹیسٹ ہارنے والی میزبان سائیڈ نے سینٹرل لندن کے فائیو اسٹار لینگھم ہوٹل میں قیام کیا، یہاں بھوتوں کہ وجہ سے کئی کھلاڑی راتوں کو ٹھیک طرح سے سو نہیں پائے،رپورٹ کے مطابق بعض نے تو کمرے تبدیل کرنے کی درخواست بھی کی، رات کے وقت پرسرار سرگرمیوں کی وجہ سے لندن میں میچز کے دوران بیشتر پلیئرز کی بیگمات و گرل فرینڈز لینگھم ہوٹل میں قیام نہیں کرتیں۔


اس حوالے سے فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے مقامی اخبار کو بتایا کہ سری لنکا سے ٹیسٹ کے دوران میں بھی کمرہ تبدیل کرنے پر مجبور ہوا، سخت گرمی کے سبب میں سو نہیں پا رہا تھا،اس دوران اچانک باتھ روم کے تمام نل خودبخود چلنے لگے، جب میں نے لائٹیں آن کیں تو وہ خود بند ہو گئے، دوبارہ لائٹ آف کرنے پر نل پھرکھل گئے، میں انتہائی خوفزدہ ہوگیا اور دوسرے کمرے کے بارے میں پوچھنے لگا، میری دوست بیلی بھی سخت ڈری ہوئی تھیں، میں جانتا تھا کہ ساتھی پلیئر معین علی کی اہلیہ بھی بھوتوں سے ڈر کر اس ہوٹل میں نہیں ٹھہری تھیں، بین اسٹوکس کو بھی سونے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

وہ ہوٹل کی تیسری منزل پر قیام پذیر رہا جسے ان واقعات کا مرکز سمجھا جاتا تھا، براڈ نے مزید بتایا کہ ایک رات ڈیڑھ بجے جب میری آنکھ کھلی تو کمرے میں کسی اور کی موجودگی بھی محسوس ہوئی، میں لائٹ آن کر کے بیٹھ گیا، میں نے دیکھا کہ ویب سائٹ پر نیٹ پرائر بھی آن لائن ہے، میں جب اس کے کمرے میں گیا تو پرائر نے بھی میری جیسی کیفیت کا بتایا، بعد میں اس رات میں اسی کے کمرے میں رہا ۔ یاد رہے کہ لینگھم ہوٹل کا1865میں پرنس آف ویلز کے ہاتھوں افتتاح ہوا تھا، کہا جاتا ہے کہ کوریڈورز اور باتھ رومز میں 7بھوت گھومتے دکھائی دیتے ہیں،ان میں سے ایک جرمن ڈاکٹر نے ہنی مون کے دوران اسی ہوٹل میں اہلیہ کا قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی تھی۔

اسی طرح ایک بھوت اس فوجی کا ہے جس نے ہوٹل کی بالکونی سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی تھی۔نمبر333 سب سے زیادہ متاثرہ کمرہ ہے، ہوٹل کی اپنی ویب سائٹ پر لکھاگیاکہ1973میں بی بی سی ریڈیو اناؤنسر جیمز الکسذینڈر گورڈن کا ایک بھوت سے سامنا ہوا تھا۔
Load Next Story