آئینی بینچ؛ ایف آئی اے اور ایف بی آر سے غیر ملکی خفیہ بینک اکاؤنٹس کی رپورٹ طلب
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ایف آئی اے اور ایف بی آر کے غیر ملکی خفیہ بینک اکاؤنٹس کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
آئینی بینچ نے غیر ملکی بینک اکاؤنٹس چھپانے اور لوٹی رقم ریکوری کیس کی سماعت کی۔ بینچ نے لوٹی رقم واپسی پر بھی متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرلی۔
وکیل ایف بی آر حافظ احسان کھوکھر نے دلائل میں کہا کہ انکم ٹیکس قانون میں ترمیم ہوچکی ہے، قانونی پراسس کے تحت خفیہ اکاؤنٹس اور ریکوری پر کارروائی چل رہی ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ کیس میں ایف آئی اے اور ایف بی آر سمیت تمام ایجنسیوں کو رپورٹ کے احکامات جاری ہوئے۔
مزید پڑھیں؛ ذہن نشین کر لیں آئینی بینچ ازخود نوٹس لے سکتا ہے، جسٹس محمد علی مظہر
وکیل ایف بی آر حافظ احسان کھوکھر نے کہا کہ یہ معاملہ ایف بی آر اور ایف آئی اے کا ہے، ایجنسیوں کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کیس کو ختم کرنا ہے تو رپورٹ دے دیں۔
بینچ نے التواء درخواست پر کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔