کراچی:
حکومت سندھ کی ترجمان و رکن سندھ اسمبلی سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو بڑے دل کے ساتھ اپنی شکست کو تسلیم کرنا چاہئے۔
ضمنی بلدیاتی انتخابات پر اپنے بیان میں سعدیہ جاوید نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے ضمنی انتخابات میں سندھ بھر سے پیپلز پارٹی نے کلین سوئیپ کیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پورے ملک کی طرح پورا صوبہ سندھ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن پر لبیک کہتا ہے۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ تمام بلدیاتی اداروں کے سربراہان خصوصاً میئر کراچی اور منتخب نمائندے بھی مبارکباد کے مستحق ہیں، کراچی میں پہلی دفعہ پیپلز پارٹی نے کلین سوئپ کیا ہے، اس جیت نے مخالفین کو یہ پیغام دیا ہے کہ کراچی کے جیالا میئر اور منتخب نمائندے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس جیت میں مخالفین کے لیے پیغام ہے کہ ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست نہیں کر رہے، جماعت اسلامی کو اپنی کارکردگی پر سوچنا چاہیے کہ وہ کیا غلط کر رہے ہیں، کراچی کی عوام جماعت اسلامی کی تاریخ کو اچھی طرح جانتی ہے جس نے ہمیشہ تقسیم اور لسانیت کی سیاست کی ہے۔
جماعت اسلامی کی کارکردگی نسلہ ٹاور کی شکل میں سب کے سامنے ہے، اب ایسے نہیں چلے گا، عوام ان کو ووٹ دیں گے جو کام کرے گا، کراچی کے امیر جماعت اسلامی کو ضمنی انتخابات میں خراب کارکردگی پر مستعفی ہوجانا چاہئے، جماعت اسلامی کو اپنے دعووں کے مطابق امیرِ کراچی کی کارکردگی کا محاسبہ کرنا چاہئے۔