بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے مقبول ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے سیزن 16 میں جلد ہی ایک دلچسپ قسط نشر ہونے والی ہے، جس میں ان کے بیٹے، اداکار ابھیشیک بچن بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
بھارتی میڈیا چینل کی جانب سے شیئر کیے گئے پرومو میں ابھیشیک بچن اپنے والد کی مخصوص انداز میں ’7 کروڑ روپے‘ کے اعلان کی نقل کرتے ہوئے نظر آئے، جس پر امیتابھ حیران ہو کر ہنسنے لگے۔
ابھیشیک نے مزید بتایا کہ ان کے گھر کے بچے کھانے کے دوران کسی بھی سوال کے جواب پر مل کر ’7 کروڑ روپے‘ کا نعرہ لگاتے ہیں۔ اس پر امیتابھ نے مزاحیہ انداز میں کہا، ’ابھیشیک کو یہاں بلا کر بہت بڑی غلطی کردی۔‘
واضح رہے کہ امیتابھ بچن اس سیزن کے لیے فی قسط 5 کروڑ بھارتی روپے وصول کر رہے ہیں، جب کہ گزشتہ سیزن میں ان کا معاوضہ 4 سے 5 کروڑ روپے تھا۔ شو کا یہ دلچسپ لمحہ ناظرین کو محظوظ کرنے کے لیے جلد نشر ہوگا۔